ڈپٹی کمشنر لاہور کا تحصیل نشتر کا دورہ، صفائی اور سیوریج کے انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 13 جون 2025 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف، ستھرا اور منظم بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل نشتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی، سیوریج اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) اور واسا کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کماہاں گول چکر اور نالہ کا معائنہ کیا اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم آسی نے صفائی مہم، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاہور کو صاف ستھرا شہر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور وزیر اعلی پنجاب کے کلین لاہور مشن کی کامیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج کے مسائل کو فوری حل کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ کوڑے کو آگ لگانے کی کسی بھی کوشش پر سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ رہائشی علاقوں میں موجود جھگیاں اور مویشیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ شہری علاقوں کی صفائی اور صحت عامہ کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :