Live Updates

رواں مالی سال کا وفاقی بجٹ متوازن بجٹ ہے، سابق صدر ملتان چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال

جمعہ 13 جون 2025 18:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ملتان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایم سی سی آئی) کےسابق صدر میاں راشد اقبال نے وفاقی بجٹ کو متوازن بجٹ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کیلئے بہتراقدامات کئے گئے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو یہاں حالیہ وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئےکیا۔میاں راشد اقبال نے کہا کہ فنانس بل 2025-26 میں ان لینڈ ریونیوافسران کو کمپنیوں کے ڈائریکٹرز،چیف ایگزیکٹوآفیسرز،چیف فنانشل آفیسرز اوردیگر کارپوریٹ عہدیداروں کوگرفتار کرنے کے مجوزہ اختیارات دیئے گئے ہیں،حکومت سے استدعا ہے کہ فنانس بل کی ان تجاویزپر نظرثانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ سولرانرجی پرعائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کے فیصلے کو بھی واپس لیاجائے اورگرین انرجی کیلئےعوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

میاں راشد اقبال نے کہا کہ انڈسٹری کو بجلی گیس کی قیمت میں ریلیف فراہم کیا جائے،اگر بجلی،گیس کی قیمت کم ہوئی،سیلز ٹیکس،انکم ٹیکس کم ہوتو انڈسٹری چل سکے گی اور ہم اس کوبزنس فرینڈلی بجٹ کہہ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بہت سی چیزیں اچھی ہیں،جیسا کہ تنخواہوں میں اضافہ،پنشن میں اضافہ اور تنخواہ داروں پرٹیکسوں میں کمی،اس کے علاوہ تھرکول کومین ریلوے لائن سے جوڑنے کیلئے اس بار پہلی بارفنڈز رکھے گئے ہیں جوکہ خوش آئند اقدام ہے کیونکہ اس کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی ،اگر تھرکول مارکیٹ میں آجائے توبجلی کے بڑے استعمال کنندگان کو بہت فائدہ ہوگاکیونکہ اس کو استعمال کرکے بجلی خود پیدا کرسکتے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی قیمت کم ہوگی۔

میاں راشد اقبال نے کہا کہ حکومت کو انڈسٹری کو بجلی کے شعبے میں مزید ریلیف فراہم کرنا چاہیے،شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانا چاہئے،انڈسٹری کو مراعات ملیں گی تو ہمارے ہاں اشیا بنیں گی اور ہمیں امپورٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی،امپورٹ کم کرکے ایکسپورٹ بڑھانا ہوگی اور یہ تب ہی ممکن ہے جب انڈسٹری کو مراعات دی جائیں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات