ویمن یونیورسٹی صوابی ،خواتین کی خودمختاری اور رہنمائی پروگرام کامیابی سے مکمل

جمعہ 13 جون 2025 21:00

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)ویمن یونیورسٹی صوابی میں خواتین کی خودمختاری اور رہنمائی پروگرام گزشتہ روز کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے کہا کہ "خواتین کی اعلی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کو بہتر بنانا میری ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے، اور اس طرح کے پروگرام اسی وژن کا عملی مظاہرہ ہیں۔

ٹیم ورک اور باہمی تعاون اس کامیابی کی بنیاد ہیں۔" انہوں نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ویمن یونیورسٹی صوابی پر اعتماد کا اظہار کیا۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر NAHE سلیمان احمد تھے، جنہوں نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا، اور یہ خوش آئند بات ہے کہ اسے ویمن یونیورسٹی صوابی میں کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا، "یہ ہمارے وژن کی عملی تعبیر ہے، اور یہاں کی فیکلٹی کی محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے۔" انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر غزالہ یاسمین کے وژن اور خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔یہ تربیتی پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن اور NAHE کے اشتراک سے ویمن یونیورسٹی صوابی میں منعقد ہوا، جس کی انچارج ڈاکٹر ثریا خانم تھیں۔

فروری سے اپریل 2025 تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین فیکلٹی و اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔چھ ماڈیولز پر مشتمل اس تربیت میں اعلی تعلیم کے چیلنجز، تنازعات کا حل، مثر ابلاغ، شخصیت کی تعمیر، اہداف کا تعین اور دیگر اہم موضوعات شامل تھے۔ پروگرام کے دوران مشترکہ و انفرادی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں شرکا نے اپنی پیشہ ورانہ و ذاتی زندگی میں بہتری کے لیے گہرائی سے مشقیں اور گفتگو کی۔پانچ تجربہ کار اساتذہ نے بطور مینٹور خواتین فیکلٹی کی رہنمائی کی، جبکہ کمیٹی اراکین نے انتظامی معاونت فراہم کی۔ شرکا نے اس پروگرام کو معلوماتی، رہنمائی سے بھرپور اور عملی زندگی میں مثر قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :