ایران کا حملوں میں تیزی کا اعلان، خیبرمیزائل چلانے کی دھمکی، اسرئیل کا دفاع کرنیوالوں کو وارننگ دیدی

آپریشن میں اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اسرائیل پر خیبر میزائل جلد ہی داغے جائیں گے جس سے دنیا حیران رہ جائے گی؛ پاسداران انقلاب کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 07:08

ایران کا حملوں میں تیزی کا اعلان، خیبرمیزائل چلانے کی دھمکی، اسرئیل ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) ایران نے حملوں میں تیزی کا اعلان کرتے ہوئے خیبر میزائل حملے کی دھمکی دے دی اور اسرئیل کا دفاع کرنے والے ممالک کے لیے بھی وارننگ جاری کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایرانی فوج اسرائیل میں ان اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے جہاں سے ایران پر جارحیت کی جارہی ہے، ان میزائل حملوں میں 150 اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، آپریشن میں اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے جن میں اسرائیلی فوج کے اڈے اور ہتھیار بنانے والی اسرائیلی تنصیبات بھی شامل ہیں، اسرائیل پر خیبر میزائل جلد ہی داغے جائیں گے جس سے دنیا حیران رہ جائے گی۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے مقبوضہ علاقوں میں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز سے حملے کیے، یہ وہی تنصیبات ہیں جہاں سے اسرائیل کی جانب سے ایران اور فلسطینیوں پربم برسائے جاتے ہیں، اسرائیلی بیانات کے برعکس ایرانی میزائل اپنے اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں، یہ بے گناہوں کا خون بہائے جانے کا بدلہ ہے، ایران کی سکیورٹی سرخ لکیر ہے جس پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل پر اپنے حملے تیز کیے جائیں گے جو بھی ملک اسرائیل کے دفاع کی کوشش کرے گا اُس کے فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، ایران کو بین الاقوامی قانون کے تحت اس جارحانہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن جواب دینے کا حق حاصل ہے جو بھی ملک ایران کی کارروائیوں کے خلاف اسرائیل کا دفاع کرے گا اُس ملک کے فوجی اڈے ایران کے اگلے اہداف ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرچکی ہے، اس سلسلے میں ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا بڑا میزائل حملہ کیا، ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران اسرائیل پر سینکڑوں میزائل حملے کیے گئے جس میں کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں، ایران نے جوابی حملے میں کئی میزائل داغے جن میں سے ایک نے تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئیں، ان حملوں میں ایران کی جانب سے اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔