Live Updates

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے تک اضافے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 15:47

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے تک اضافے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے تک اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اگلے پندرہ دن تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب تقریباً ایک روپے اور 5 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر باخبر ذرائع نے بتایا کہ 15 جون کو حتمی حساب سے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً ایک روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس وقت ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 252.63 روپے ہے، پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط ​​اور نچلے متوسط ​​طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے جب کہ ڈیزل کی اس وقت ایکس ڈپو قیمت 254.64 روپے فی لیٹر ہے، ملک میں ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر شعبہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر چلتا ہے، اس کی قیمت کو افراط زر میں کمی یا اضافے کی وجہ سمجھا جاتا ہے کیوں کہ یہ زیادہ تر بھاری نقل و حمل کی گاڑیوں، ٹرینوں اور زرعی انجنوں، جیسے ٹرک، بس، ٹریکٹر، ٹیوب ویل اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے، اور خاص طور پر سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے، معلوم ہوا ہے کہ حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 94 روپے فی لیٹر چارج کر رہی ہے اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے لیکن حکومت اب بھی ڈیزل پر 77.01 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی اور پیٹرول اور ہائی آکٹین ​​مصنوعات پر 78.02 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے، حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر تقریباً 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی بھی جاری ہے، تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :