اوگرا کی غیر قانونی اور غیر معیاری ایل پی جی فلنگ پلانٹس کے خلاف کارروائی، دو پلانٹس سیل

ہفتہ 2 اگست 2025 16:21

اوگرا کی  غیر قانونی اور غیر معیاری ایل پی جی فلنگ پلانٹس  کے خلاف کارروائی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ترجمان اوگرا نے کہا ہے کہ ایل پی جی آتش گیر گیس ہے ، اس کی سٹوریج ، فلنگ اور ترسیل حفاظتی تدابیر کے ساتھ اوگرا سٹینڈرڈز کے مطابق ہونی چاہیے، اگر اوگرا کے لائسنس یافتہ فلنگ پلانٹس کے علاوہ غیر قانونی اور غیر معیاری فلنگ پلانٹس سے اس کی ترسیل، سٹوریج اور فلنگ کی جائے گی تو وہ کسی بھی وقت حادثے کا موجب بن سکتی ہے اور آگ لگنے یا آتشزدگی کسی بڑے حادثہ کا باعث بن سکتی ہے۔

ہفتہ کو ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اوگرا لاہور حماد ساجد پیرزادہ نے کہا کہ اوگرا کے پاس میڈیا اور ہمارے فیلڈ انسپکٹرز کی طرف سے مصدقہ اطلاعات موجود تھیں کہ دو عدد ایل پی جی کے غیر قانونی پلانٹس گیس کی سپلائی کر رہے ہیں، جن میں سے ایک پلانٹ ملتان روڈ پر مانگا منڈی میں واقع ہے جبکہ دوسرا پلانٹ رائیونڈ میں جیا بگا رائیونڈ روڈ پر واقع ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق دونوں پلانٹس پر آپریشن کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ اور اوگرا کے رابطے اور تعاون سے ایک جوائنٹ انفورسمنٹ ٹیم تشکیل دی گئی جس کی قیادت اوگرا کے ریجنل ڈائریکٹر لاہور حماد ساجد پیرزادہ نے کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر زوہیب ممتاز گوندل، پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا ) سے یسریٰ سہیل بٹ، سول ڈیفنس افسر اشفاق گوندل اور ڈیپارٹمنٹ ایکسپلوسوز سے ڈپٹی ڈائریکٹر توصیف عنایت ٹیم میں شامل تھے۔

ان تمام محکموں کے فیلڈ سٹاف، پولیس اور انفورسمنٹ ٹیموں نے مشترکہ طور پہ ان دونوں پلانٹس کے خلاف آپریشن کیا۔ دونوں پلانٹس میں غیر قانونی باؤزر اور ناقص سلنڈرز بھی موجود تھے اور غیر قانونی فلنگ ہو رہی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں پلانٹس کو سیل کر کے موقع پر موجود فلنگ آپریٹر اور سٹاف عملہ سمیت باؤزر کے ڈرائیور اور عملےکو گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس سٹیشن مانگا منڈی میں ان کے خلاف ایف آئی آر رجسٹرڈ کروائیں گئیں ، غیر قانونی فلنگ پلانٹس ، ان کا سارا سامان ، مال اسباب وغیرہ ضبط کر کے سول ڈیفنس اور پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے اور پلانٹس کو سیل کر دیا گیاہے۔

ترجمان نے کہا کہ ان پلانٹس کو ڈیمولش کیا جائے گا تاکہ یہ مزید خطرات کا باعث نہ بن سکیں اور دوبارہ آپریٹ نہ کریں۔واضح رہے کہ آپریشن کے حوالہ سے تمام اداروں نے باہمی تعاون کیا اور مربوط و مشترکہ طور پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔