گلگت بلتستان کے گورنمنٹ کالجز کی مجموعی کارکردگی اور معیار کو جِلا بخشنے کے لیے ’’پرنسپلز کانفرنس‘‘ کا انعقاد

ہفتہ 14 جون 2025 17:39

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) سیکرٹری فرید احمد کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹ آف ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن گلگت بلتستان کے زیرِ انتظام نیو سِول سکریٹریٹ جوٹیال گلگت کے کانفرنس ہال میں ’’پرنسپلز کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کا انعقاد گلگت بلتستان کے گورنمنٹ کالجز کی مجموعی کارکردگی اور معیار کو جِلا بخشنے کے لیے سیکرٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن جی بی کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ اِس اہم سرگرمی کا مقصد تمام کالجز کی کارکردگی کا عمیق جائزہ لینا اور ہمہ جہتی انداز میں کالجز کی کارکردگی اور معیار کو پروان چڑھانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔ کانفرنس کے ابتدائی حصّے میں سیکرٹری نے کانفرنس کے مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ پرنسپلز کی جانب سے چند مسائل کی نشاندہی پر سیکرٹری نے کہا کہ ہم کالجز کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے ہمہ وقت کمر بستہ ہیں اور اِس سلسلے میں حکومتِ گلگت بلتستان، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) ہماری بھر پور مدد کر رہے ہیں۔