ضلع خضدار میں حفاظتی ٹیکہ جات کی 12 روزہ خصوصی مہم کا باقاعدہ افتتاح

ہفتہ 14 جون 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) ضلع خضدار میں حفاظتی ٹیکہ جات کی 12 روزہ خصوصی مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ضلع خضدار کی 33 یونین کونسلز میں بگ کیچ اپ مہم کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار علم دین کی سربراہی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ بگ کیچ اپ مہم 16 جون 2025 سے ضلع کی 33 یونین کونسلز میں باضابطہ طور پر شروع کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی ایچ او خضدار اور پارٹنر آرگنائزیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مہم کا بنیادی مقصد پانچ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنانا ہے جو مختلف وجوہات کی بناء پر حفاظتی ٹیکے لگانے سے رہ گئے تھے، تاکہ کوئی بھی بچہ خضدار کی حدود کے اندر خسرہ، پولیو اور دیگر مہلک امراض کا شکار نہ ہو۔

(جاری ہے)

تقریب کے ساتھ ساتھ کوم نیٹ خضدار کی جانب سے انفلوئنسرز کے لئے آگہی سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس کا مقصد علمائے کرام، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندے اور مقامی رہنماؤں کو آگہی دینا تھا تاکہ وہ بھی ویکسین کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور گھر گھر جا کر پیغام پہنچانے کی مہم کا حصہ بنیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ 16 جون سے شروع ہونے والی بگ کیچ اپ مہم کی کامیابی کے لیے تعاون کریں اور اپنے علاقوں کے تمام بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :