صوبائی وزراء بلال یاسین ، فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت واساآفس میں اہم اجلاس

ہفتہ 14 جون 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سیوریج لائنوں اور صنعتی یونٹس میں صفائی کیلئے سیفٹی آلات کے یقینی استعمال بارے وزیر ہاوسنگ بلال یاسین اور وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت واسا لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مین ہولز اور ٹرنک سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران استعمال ہونی والی کٹس اور آلات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے اجلاس میں بتایا کہ زہریلی گیسوں کے اخراج کی وجہ سے سینٹری ورکرز کی اموات کا خدشہ ہوتا ہے۔ وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ انسانی جان کے نقصان کا ازالہ ممکن نہیں، احتیاطی تدابیر اپنانا لازم ہوگا،پنجاب کی تمام ہاوسنگ سوسائٹیوں کو بھی ایس او پیز پر مبنی مراسلہ بھجوایا جائے گا، تمام واساز میں لیبر کی مرحلہ وار ٹریننگ اور مانیٹرنگ کا نظام وضع کروایا جائے گا،۔

(جاری ہے)

وزیر لیبر پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ صوبہ کی تمام فیکٹریوں میں بھی سیفٹی آلات کا استعمال ہر صورت لازم ہوگا،ہنگامی و عمومی حالات میں سیفٹی آلات کے بغیر کام کرنے پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہوگی، اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز ،سیکرٹری لیبر نعیم غوث، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم سی ایل کے افسران شریک تھے،ایم ڈی واسا لاہور، گوجرانولہ، فیصل اباد، راولپنڈی اور ملتان بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔