وفاقی محتسب ادارہ غر یبوں کی عدا لت ہے، سید محمود علی شاہ

وفاقی محتسب کا ادارہ مثالی جذبے اور لگن کے ساتھ عوام النا س با لخصوص پسماندہ لوگوں کی خدمت کرنے والی غریب آدمی کی عدالت کے طور پر سا منے آیا ہے

اتوار 15 جون 2025 18:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء) وفاقی محتسب ادارہ غر یبوں کی عدا لت ہے اوروفاقی محتسب کا ادارہ چار دہائیوں سے زائد اپنے طویل سر کرنے کے دوران ایک مثالی جذبے اور لگن کے ساتھ عوام النا س با لخصوص پسماندہ لوگوں کی خدمت کرنے والی غریب آدمی کی عدالت کے طور پر سا منے آیا ہے ان خیالات کا اظہار فاقی محتسب سکھر ریجن کے سربراہ سید محمود علی شاہ نے اپنے دفتر میں محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے بتایا کہ مرکز ی دفتر، اسلام آباد کے علا وہ اس وقت ملک بھر کی25 شہروں میں وفاقی محتسب کے ذیلی دفا تر موجود ہیں جو بدانتظامی کے شکار افراد کو مفت اور جلد انتظامی انصاف فراہم کر ر ہے ہیں۔

یہ ادارہ، محتسب کی بنیادی اقدار کو برقرار ر کھتے ہو ئے شفافیت اور جوابدہی پر یقین رکھتا ہے، کم مراعات یافتہ افراد کی خدمت کرنا اس کی پہچان اور رہنما اصول رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب کے ادارے نے گزشتہ برسوں میں اپنی کارکردگی اور افادیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ شکایات سے نمٹنے کے طریقہء کار کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھا ئے ہیں، جن کے مطا بق تحقیق، تفتیش، تشخیص، جائزہ اورفیصلوں پر عمل درآمد وغیرہ پر خصو صی تو جہ دی جا تی ہے۔

سال 2024ء کے دوران، شکایات کی تعداد17 فیصد اضا فے کے ساتھ 194,106 سے بڑھ کر 226,372 ہو گئی جب کہ فیصلوں کی تعداد 223,198 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس کے مطا بق سال 2023ء میں 193,030 شکا یات کے مقابلے میں سال2024ء میں 16فیصد کا اضافہ ہوا۔ فیصلوں پر عمل درآمد کی شرح میں بھی متاثر کن اضافہ ہوا جو کہ سال 2023ء کے 85.70 فیصد کے مقابلے میں سال 2024ئ میں 93.21 فیصد تک پہنچ گئی۔

سال 2024ء کے دوران شکایت کنندگان کو 8.22 بلین روپے کے برابر ریلیف فراہم کیا گیا جو کہ سال 2023ء میں 4.9 بلین تھا۔شکایات کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد، درحقیقت ملک بھر میں نئے علاقائی دفاتر کھولنے، کھلی کچہریوں کے انعقاد، تنازعات کے غیر رسمی حل کے پروگرام (IRD) کے آغاز اور محتسب کی معائنہ ٹیموں کے مختلف سر کا ری اداروں کے دوروں اور جد ید ٹیکنالو جی کے استعمال سمیت مختلف اقدامات کا نتیجہ ہے۔

وفاقی محتسب میں شکا یت کر نے کے لئے وکیل کی ضرورت نہیں ہو تی، نہ ہی شکایت کنندگان کو طویل قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ مقدمات60 دن کی مقررہ مد ت میں نمٹا دئیے جاتے ہیں۔ یہاں شکایت درج کرانے کا طریقہ کار بھی بہت آسان ہے۔ دفتر میں ذاتی طور پر آئے بغیر، ڈاک، ای میل یا موبائل ایپ کے ذریعے بھی آن لا ئن شکا یت کی جا سکتی ہے۔ مقد مات کی سماعت آن لائن بھی کی جا تی ہے، جس سے بزرگ یا غریب شکایت کنندگان کو سفر کی صعو بت اور سفر خرچ سے بچایا جا تا ہے۔