زیادہ گندم اگاؤپروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں 109 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے جارہے ہیں، سید عاشق حسین کرمانی

اتوار 15 جون 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گندم کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کے لیے 27 ارب روپے کا تاریخی پیکج متعارف کرایا گیا ۔گندم کے پیداواری مقابلہ جات کے تحت صوبائی سطح پر پہلا انعام 85 ہارس پاور کا ٹریکٹر، دوسرا 75 اور تیسرا 60 ہارس پاور کا ٹریکٹر دیا جا رہا ہے۔

ضلعی سطح پر کاشتکاروں کے لیے پہلا انعام 10 لاکھ، دوسرا 8 لاکھ اور تیسرا 5 لاکھ روپے نقد مقرر کیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت 1 تا ساڑھے 12 ایکڑ کے گندم کے کاشتکاروں کو 5000 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جا رہی ہے۔ملتان میں زیادہ گندم اگاؤ پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادہ گندم اگاؤپروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں 109 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام کے پہلے مرحلے میں 9500 خوش نصیب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 20 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ فیز 2 کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں جن کی حد بڑھا کر 3 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

زمین کی ملکیت کی حد کو بھی 25 ایکڑ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کاشتکاروں کو 30 فیصد رقم نقد نکالنے کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ 20 فیصد رقم صرف ڈیزل کی خریداری کے لیے مخصوص ہے۔ اس سہولت کو موثر بنانے کے لیے 4000 رجسٹرڈ ڈیلرز اور 700 سے زائد پی ایس او فلنگ اسٹیشنز کو شامل کیا گیا ہے۔تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے خوش نصیب کاشتکاروں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔