اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اتوار کو ناجائز منافع خوری کے خلاف متحرک، 13 افرادگرفتار

اتوار 15 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اتوار کو ناجائز منافع خوری کے خلاف متحرک ہو گئی ، جی سکس اور ایچ نائن اتوار بازاروں میں نرخنامے اور پولیتھین بیگز کے استعمال پر پابندی کے اطلاق کا معائنہ کیا اور خلاف ورزیوں پر 13 افرادکو گرفتار کر لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرزنے اتوار بازاروں میں پرائس لسٹیں اور پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے اطلاق پر عملدرآمد کی چیکنگ کی۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے جی سکس اتوار بازار میں چیکنگ کے دوران 9 خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کر لیا، یہ گرفتاریاں پابندی کے باوجود پلاسٹک بیگز کے استعمال کی وجہ سے عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ وار تعطیل کے باعث اتوار بازاروں میں خریداروں کا رش دیکھا گیا۔ دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کی جانب سے ایچ نائن بازار میں کارروائی عمل میں لائی گئی ،پرائس لسٹوں کی خلاف ورزی پر 4 دکاندار تھانے منتقل کر دئیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پلاسٹک بیگز پر عائد پابندی پر درآمد کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، پرائس لسٹوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف فی الفور شکایت کریں،ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :