لنک روڈ ایبٹ آباد کے تاجروں کا سربن چوک سے سڑک کی دیوار کاٹ کر راستہ بحال کرنے کا مطالبہ

پیر 16 جون 2025 12:15

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) لنک روڈ ایبٹ آباد کے تاجروں نے سربن چوک سے سڑک کی دیوار کاٹ کر راستہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوور ہیڈ برج کیلئے سڑک کی دیوار بند کرنے سے تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ضلعی افسران فوری نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے آل ٹریڈر فیڈریشن کے سابق جنرل سیکرٹری سجاد خان جدون، لنک روڈ کے جنرل سیکرٹری سردار رومان اور دیگر تاجروں کے وفد نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے بعد لوگوں کا رخ گامی اڈہ رحمن پلازہ والی گلی کی طرف ہو چکا ہے جس کی وجہ سے لنک کے روڈ کے تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، فوری طور پر لنک روڈ کیلئے سڑک کی دیوار کو کاٹ کر راستہ پہلے کی طرح بحال کیا جائے۔

تاجر رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی سی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت کو ٹیکس دے رہے ہیں لیکن یہ اقدام کاروبار کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوری طور پر پہلے کی طرح راستہ کھول کر اسے بحال کیا جائے۔