حیدرآباد ، گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے ایک لڑکا جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے

پیر 16 جون 2025 21:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے ایک لڑکا جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق کی لاش اور زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے گجراتی پاڑہ ریلوے پھاٹک کے قریب گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے دس سالہ لڑکا عامر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تینوں زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ ایل پی جی کی دکان میں بڑے سلنڈر کی گیس چھوٹے سلنڈر میں منتقلی کے دوران ہوا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، گزشتہ رات حالی روڈ پر بھی گیس سلنڈر دھماکہ سے ایک بچہ زخمی ہوا تھا۔

(جاری ہے)

حیدرآباد کی گنجان آبادیوں میں گیس سلنڈرز بھرنے کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں جو شہریوں کی قیمتی جانوں کے لئے مستقل خطرہ بنی ہوئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ان کے خلاف کاروائیوں کی تو بات ہوتی ہے لیکن انہیں ضابطے میں رکھنے اور حفاظتی اقدامات کے لئے کوئی ٹھوس موثر مستقل لائحہ عمل نہیں اپنایا جاتا، گیس سیلنڈر دھماکوں میں اب تک کئی افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، لیکن متعلقہ کسی ادارے کے سر پر جوں تک نہیں رینگتی۔