بہترین شہروں کی فہرست جاری، کوپن ہیگن کی پہلی پوزیشن

کراچی 2025 میں بھی نچلی درجہ بندی میں شامل رہا اور دنیا کا چوتھا بدترین شہر قرارپایا

منگل 17 جون 2025 14:19

بہترین شہروں کی فہرست جاری، کوپن ہیگن کی پہلی پوزیشن
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)دنیا کے رہنے کیلیے سب سے بہترین شہروں کی تازہ درجہ بندی سامنے آ گئی ہے، اس بار آسٹریا کا دارالحکومت ویانا 3 سالہ حکمرانی کے بعد ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن سے پیچھے رہ گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ (ای آئی یو)کی جاری کردہ 2025 کی رپورٹ میں 173 شہروں کا جائزہ صحت، تعلیم، سیکیورٹی، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی معیار جیسے عوامل کی بنیاد پر لیا گیا۔

(جاری ہے)

لسٹ میں درجہ بندی کے لحاظ سے دنیا کے 10 سب سے بہترین شہروں میں کوپن ہیگن (ڈنمارک)، ویانا (آسٹریا)، زیورخ (سوئٹزرلینڈ)، میلبورن (آسٹریلیا)، جنیوا (سوئٹزرلینڈ)، سڈنی (آسٹریلیا)، اوساکا (جاپان)، آکلینڈ (نیوزی لینڈ)، ایڈیلیڈ (آسٹریلیا) اور وینکوور (کینیڈا) شامل ہیں۔ویانا نے اگرچہ تعلیم اور انفرا اسٹرکچر میں اچھے نمبر لیے لیکن استحکام کے زمرے میں اس کی کارکردگی گری۔برطانیہ کے شہروں کی درجہ بندی میں کمی ہوئی ہے، لندن 45 ویں سے 54 ویں نمبر پر آگیا، مانچسٹر 43 ویں سے 52 ویں اور ایڈنبرا 59 ویں سے 64 ویں نمبر پر آگیا۔کراچی 2025 میں بھی نچلی درجہ بندی میں شامل رہا اور دنیا کا چوتھا بدترین شہر قرار پایا۔