لیسکو میں بجلی چوری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ

لیسکو کے 291 الیون کے وی فیڈرز پر بجلی کے 20 سے 30 فیصد تک لائن لاسز ریکارڈ

منگل 17 جون 2025 15:22

لیسکو میں بجلی چوری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ سامنے آ گیا ہے جس کے بعد پاور ڈویژن نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق لیسکو کے 291 الیون کے وی فیڈرز پر بجلی کے 20 سے 30 فیصد تک لائن لاسز ریکارڈ کیے گئے ۔

(جاری ہے)

ان فیڈرز سے بجلی غائب ہونے کی شرح دیگر تمام ڈسکوز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے لیسکو ملک بھر میں بجلی چوری میں سرفہرست کمپنی بن گئی ہے۔

پاور ڈویژن نے لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کو ایک مراسلہ ارسال کرتے ہوئے 291 فیڈرز پر بجلی کے نقصانات کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان فیڈرز کو کم از کم 20 فیصد لائن لاسز کی سطح پر لایا جائے تاکہ لوڈشیڈنگ کی کیٹیگری تھری سے بچا جا سکے۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کے مراسلے کی روشنی میں لیسکو کے تمام متعلقہ دفاتر کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔