Live Updates

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے درمیان تلخ کلامی

منگل 17 جون 2025 15:43

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور وزیر قانون اعظم نذیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث کے دوران سینیٹر شبلی فراز نے جب وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ کی عدم موجودگی کا معاملہ اٹھایا تو اس کا جواب دینے کے لیے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کھڑے ہو گئے جس پر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ قائد حزب اختلاف بات کر رہا ہے اور وزیر قانون مداخلت کر رہا ہے، ماحول مت خراب کریں، ہمارے بات کرنے پر وزیر قانون سیخ پا نہ ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہئے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزارت خزانہ کے افسران نوٹس لینے کے لئے موجود ہیں، وزیر قانون بھی کابینہ کی اجتماعی ذمہ داری کے تحت کسی بھی اٹھائے جانے والے نکتے کا جواب دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اگر قائد حزب اختلاف کوئی اور وزیر چاہتے ہیں تو اسے بھی بلا لیتے ہیں، بجٹ تقاریر کے نوٹس لئے جارہے ہیں، وزیرخزانہ بجٹ سمیٹتے ہوئے تمام پوائنٹس کا احاطہ کرتے ہیں، وزیرخزانہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شریک ہوتے ہیں، سینیٹ کی جانب سے بجٹ تجاویز قومی اسمبلی کو بھجوائی جائیں گی، پی ٹی آئی دور میں تو ہم نے صرف ایک وزیر مملکت علی محمد کو ہی دیکھا تھا جو سوالات کے جواب دینے کے لیے موجود ہوتے تھے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات