مہران یونیورسٹی اور خیرپور میرس کیمپس میں انڈرگریجویٹ انجنیئرنگ، آرکیٹیکچر اور بی ایس پروگرامز کیلئے داخلہ ٹیسٹ شروع

منگل 17 جون 2025 17:16

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، جامشورو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس، خیرپور میرس میں انڈرگریجویٹ انجنیئرنگ، آرکیٹیکچر اور بی ایس (BS) پروگرامز میں سال 2025-26 کے لیے کمپیوٹرائزڈ داخلہ ٹیسٹ منگل، 17 جون سے مرحلہ وار شروع ہوگیا۔ پہلے دن تقریباً 900 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔

یاد رہے کہ دونوں کیمپسز کی 2,298 نشستوں کے لیے کل 6,615 امیدوار داخلہ ٹیسٹ دے رہے ہیں، جن میں 1,676 طالبات بھی شامل ہیں۔ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرطٰحہ حسین علی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی بہترین گریجویٹس پیدا کر رہی ہے،آج آپ میں سے جو خوش نصیب امیدوار داخلہ حاصل کریں گے، وہ کل کے ماہرین ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے فارغ التحصیل انجنیئر مہران یونیورسٹی کے سفیر ہیں، جو ملک اور ادارے کا نام روشن کرتے ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ صرف ڈگری حاصل کرنا مہارت حاصل کرنے کے مترادف نہیں بلکہ اس کے لیے مختلف شعبوں میں غیر روایتی محنت کرنا ہوگی اور ضروری ہے کہ محنت کے ساتھ کوئی نئی ایجاد یا نیا فنی خیال سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب نہ صرف تعلیم کے معیار بدل گئے ہیں بلکہ طریقہ کار بھی تبدیل ہو چکا ہے،یہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کا دور ہے اور ہر نیا دن ایک نیا چیلنج اور نئی فنی ایجاد لے کر آ رہا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی، جو داخلہ ٹیسٹ کی نگران کمیٹی کے کنوینر بھی ہیں، نے ٹیسٹ سینٹر اور تمام متعلقہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، ڈین ڈاکٹر رضوان احمد میمن، ڈاکٹر خانجی ہریجن، ڊاکٹر عبدالستار لاڑک اور رجسٹرار لچھمن داس سوٹھڑ بھی موجود تھے۔ داخلہ ٹیسٹ کے دوران میڈیکل ایمرجنسی کیمپ، ایمبولینس سروس اور سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔