لکی مروت میں دہشتگردوں نے پنجاب کو گیس سپلائی کرنیوالی پائپ لائن اڑادی

دھماکے کے نتیجے میں پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی اور گیس کا اخراج بھی شروع ہو گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 جون 2025 12:05

لکی مروت میں دہشتگردوں نے پنجاب کو گیس سپلائی کرنیوالی پائپ لائن اڑادی
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن اڑادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں دہشت گردوں کی جانب سے بیٹنی گیس فیلڈ سے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کو بارودی مواد سے اڑا دیا، دھماکے کے نتیجے میں پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی اور گیس کا اخراج بھی شروع ہو گیا، گیس کی سپلائی معطل ہونے سے ممکنہ طور پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تورواہ نامی برساتی نالے کے مقام پر دھماکے کے ذریعے گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، سکیورٹی فورسز کے دستے فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوگئے، متعلقہ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا اور واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں اس کے علاوہ متاثرہ پائپ لائن کی مرمت اور گیس کے اخراج پر قابو پانے کے لیے ٹیمیں بھی روانہ کی جا چکی ہیں، سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حساس تنصیبات کے اطراف نگرانی مزید سخت کردی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ سندھ کے علاقہ جیکب آباد میں ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جعفرایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی، واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیںں، ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا اور پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔