نیدرلینڈ، کم عمربچوں کو ٹک ٹاک،انسٹاگرام سے دوررکھنے کی ہدایت

ایسے بچے جو سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں انہیں نفسیاتی مسائل کا سامنا ہوتا ہے،وزارت صحت

بدھ 18 جون 2025 16:21

نیدرلینڈ، کم عمربچوں کو ٹک ٹاک،انسٹاگرام سے دوررکھنے کی ہدایت
ایمسٹر ڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)نیدر لینڈز کی حکومت نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 سال سے کم عمر بچوں کو نفسیاتی اورجسمانی مسائل اور ڈپریشن سے بچانے کے لئے انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ٹک ٹاک اور انسٹا گرام کے استعمال سے دور رکھیں ۔عرب ٹی وی کے مطابق نیدر لینڈز کی وزارت صحت نے گزشتہ روز بیان میں والدین سے کہا کہ ایسے بچے جو ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہیں انہیں نفسیاتی و جسمانی مسائل کا سامنا ہوتا ہے نیز ایسے بچے ڈپریشن کے ساتھ ساتھ نیند کے مسائل کا بھی شکار ہوتے ہیں۔

وزارت نے کہا کہ والدین بچوں کے ڈیجیٹل ڈیوائسز کے استعمال کے وقت کو بھی دیکھیں کہ وہ اپنا کتنا وقت ان ڈیوائسز کے ساتھ گزارتے ہیں۔ رات کے وقت فون اور لیپ ٹاپ بچوں کے کمرے سے دور رکھیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ بچوں کے لئے سکرین ٹائم صرف 20 منٹ کا ہو اور اس کے بعد تقریبا 2 گھنٹوں تک بچے کھیل کود کریں۔ نگران نائب وزیر برائے کھیل و نوجوان ونسنٹ کریمنز نے پارلیمنٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اس ایڈوائزری سے بچوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے دور رکھنے میں مدد ملے گی۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام استعمال کرنے لیے کم از کم عمر 13 سال ہونی چاہیے۔ نیدر لینڈز حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے یہ پلیٹ فارمز بچوں میں منفی اثرات پیدا کرتے ہیں۔ 13 سال کی عمر کے بچوں کو صرف رابطے کے لئے سوشل میڈیا ایپلی کیشن کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ خیال رہے کہ اس عمر سے ڈچ بچے سکول کی پڑھائی کا آغاز کرتے ہیں۔ نیدر لینڈز کے سکولوں نے طلبہ کے لئے ٹیبلیٹ، موبائل فون اور سمارٹ گھڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔