صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کا بہاولپور کا دورہ

بدھ 18 جون 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے بہاولپور کا دورہ کیا اور ہائی ویز ریسٹ ہاس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ترقیاتی سکیموں میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر جا کر تعمیراتی کاموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیمیں اعلی معیار اور مقررہ وقت کے اندر مکمل ہونی چاہییں اور اس حوالے سے کسی قسم کی سستی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر چیف منسٹر ڈسٹرکٹ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت مختلف محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایس ای ہائی ویز فرخ ممتاز وڑائچ نے بہاولپور ڈویژن میں جاری سکیموں کی تفصیلات پر بریفنگ دی جبکہ بہاول نگر اور رحیم یار خان کے ایس ایز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب افتاب احمد پیرزادہ، ایس ای ہائی ویز، ایکسین ہائی ویز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے زیر تعمیر ایگری مال بہاولپور کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات میسر آئیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے جن میں گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کسان کارڈ کا اجرا، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور ایگری مالز کی تعمیر شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب کا عزم ہے اور تمام ترقیاتی کام بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :