صوبائی وزیرفیصل ایوب کھوکھر، ملک سیف الملوک کھوکھرکی عوامی اجتماع میں شرکت

جمعہ 15 اگست 2025 18:16

صوبائی وزیرفیصل ایوب کھوکھر، ملک سیف الملوک کھوکھرکی عوامی اجتماع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ایم این اے و صدر مسلم لیگ ن لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر کے ہمراہ منصورہ بازار المعروف 80 فٹ روڈ اور لاہور کی یونین کونسل 109 میں ترقیاتی اسکیموں کے آغاز کی مناسبت سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے حلقے کی ترقی کے لیے 214 کروڑ روپے کے فنڈز لائے ہیں، جو تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی یو سی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز صرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دور میں ممکن ہوئے ہیں، اور انہی کے وژن کے تحت ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو سی 109 میں 09 بڑی ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کیا جا رہا ہے جن میں سیوریج کا نظام، نئی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اور گلیوں کی پختگی شامل ہیں جبکہ یو سی 109 میں دس کروڑ کی لاگت سے پارکس بنائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں سڑکیں، اسکول، کالج اور دیگر بنیادی سہولتیں عوام کو فراہم کی جاتی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے صفائی کا جدید نظام ’’ستھرا پنجاب‘‘کے تحت فراہم کیا جبکہ پورے پنجاب میں لیبر کالونیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب بھر میں دھی رانی پروگرام کے تحت 60 ہزار بچیوں کی شادیاں کروائی گئیں۔جلد ہی پنجاب کے 12 لاکھ 40 ہزار خاندانوں کو راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے اور اس تعداد میں ہر سال اضافہ ہوگا۔

صدر (ن) لیگ لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق لاہور کو ایک جدید شہر بنایا جائے گا۔ یو سی 109 سمیت لاہور کی ہر یونین کونسل میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے۔ لاہور میں سڑکوں، اسکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز رکھنے کے لیے فنڈز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے خواتین کی سہولت کے لیے ماڈل بازار کے قیام کا بھی اعلان کیا۔اجتماع کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا اور ان کے ترقیاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر مقامی عہدیداران اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔