مولانا اسجد محمود کو مسلح افراد کی جانب سے یرغمال بنانے کی کوشش ریاست کی ناکامی ہے ،مولانا راشد محمود سومرو

جمعرات 19 جون 2025 21:08

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو مسلح افراد کی جانب سے یرغمال بنانے کی کوشش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واقعے کو ریاستی ناکامی اور سیکورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی قرار دیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ قومی شاہراہ پر دن دھاڑے اسجد محمود کی یرغمالی کی کوشش نہ صرف قانون کی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ ملک کے اہم ترین مذہبی اور سیاسی قائدین کو لاحق خطرات کی نشاندہی بھی ہے جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں حکومت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی عوام اور قائدین دونوں غیر محفوظ ہیں، راشد سومرو نے کہا کہ کے پی حکومت نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور کوئی ادارہ عوام کو تحفظ دینے میں سنجیدہ نظر نہیں آتا، جے یو آئی رہنما نے کہا کہ سندھ میں بھی بدامنی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے اور ہندو برادری جیکب آباد، کندھکوٹ اور دیگر شہروں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوچکی ہے جس پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں قیام امن اور ریاستی مفاد میں کردار ادا کرنے کی سزا دی جا رہی ہے جے یو آئی کے قائدین کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنا ایک گہری سازش ہے جے یو آئی رہنما نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیکر ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور قائدین کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔