پنجاب اور کوریا کے درمیان فنی کورسز، لینگویج سنٹرز، فارن سکالرشپ کیلئے ایم او یو

کورین یونیورسٹی پنجاب کے طلبا ء کو 70 فیصد سکالرشپ پر ڈپلومہ کورسز کروائے گی‘ رانا سکندر حیات طالبات کو مکمل سکالرشپ کی پیشکش،ڈپلومہ تکمیل کے بعد پرکشش ملازمت آفر کی جائیگی‘ وزیر تعلیم

جمعہ 20 جون 2025 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب کے طلبہ فارن سکالرشپ پر ڈپلومہ کیلئے جنوبی کوریا جا سکیں گے جہاں جنوبی کوریا کی نمبر ون رینکنگ والی تنگوان یونیورسٹی طلبہ کو 2 سالہ ڈپلومہ کروائے گی۔ ڈپلومہ مکمل کرنے کے بعد کوریا کی جانب سے پرکشش تنخواہ پر ملازمت کی پیشکش بھی کی جائے گی۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ جنوبی کوریا میں ڈپلومہ کے دوران بھی طلبہ اچھی تنخواہ پر ملازمت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورین یونیورسٹی طلبہ کو ویلڈنگ، الیکٹریکل، آٹو موبائل انجینئرنگ، سافٹ وئیر، فوڈ، بیوٹی اور سوشل ورک سمیت دیگر ڈپلومہ کورسز کروانے کے حوالے سے پنجاب اور کوریا کے مابین ایم او یو کر لیا گیا۔ کورین یونیورسٹی طلبہ کو 70 فیصد سکالرشپ پر ڈپلومہ کورسز کروائے گی۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ کوریا میں داخلہ لینے کیلئے کورین زبان سیکھنا ضروری ہے،اس ضمن میں پنجاب کے ہر ضلع میں کورین لینگویج سنٹر بھی بنائے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ کوریا نے پنجاب کی 20طالبات کو مکمل سکالرشپ بھی آفر کی ہے جس کے مطابق کوریا لاہور کالج فار وویمن اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی 20 طالبات کو مکمل سپانسر کرے گا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب کے طلبا کیلئے فارن سکالرشپ کے مزید مواقع بھی جلد لا رہے ہیں۔