کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا راولپنڈی میں ڈویژنل امن کمیٹی اور علماء و مشائخ سے ملاقات

جمعہ 20 جون 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں راولپنڈی میں ڈویژنل امن کمیٹی اور علماء و مشائخ سے ملاقات کی۔ سیف سٹی راولپنڈی میں ہونے اس ملاقات میں وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبد الکریم، ایڈیشنل آئی جی شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز الپا اور مقامی علماء و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کابینہ کمیٹی اور علماء و مشائخ نے سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ڈویژنل امن کمیٹی اور علماء و مشائخ نے محرم الحرام کے بہترین انتظامات پر اظہارِ اطمینان کیا۔

(جاری ہے)

ممبران امن کمیٹی نے کہا کہ ہم سب فیلڈ میں جاکر تمام مکاتب فکر کے نمائندگان سے ملاقات کر رہے ہیں۔ علماء و مشائخ نے کہا کہ کوئی دشمن ہمارے آپسی اتفاق و اتحاد کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام اضلاع میں قواعد و ضوابط کے مطابق سبیلیں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا انتظامیہ اور امن کمیٹیاں معاملہ فہمی کے ساتھ عمدہ انتظامات کر رہے ہیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ تمام مکاتب فکر محرم الحرام پُرامن انداز اور مذہبی عقیدت و احترام سے گزاریں گے۔ امن کمیٹی اراکین، منتظمین، لائسنس ہولڈرز اور علماء و مشائخ سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ سب کو آن بورڈ لے کر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جاسکے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کی مجالس اور عزاداری جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ علماء و ڈویژنل انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے محرم الحرام کو بھرپقر عقیدت سے منایا جائے گا۔