مون سون میں اربن فلڈنگ کا خدشہ، واسا نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا

واسا نے برسوں بعد شہر کے چار اہم مقامات پر قائم ڈرینیج سٹیشنز کو دوبارہ فعال کر دیا

ہفتہ 21 جون 2025 13:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) پری مون سون اور مون سون میں اربن فلڈنگ کے خدشے پر واسا نے شہر کو بچانے کے لئے عملی اقدام کا آغاز کر دیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے پری مون سون اور مون سون کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ گئے، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واسا نے حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا۔

واسا نے برسوں بعد شہر کے چار اہم مقامات (بابو صابو، چھوٹا راوی، محمود بوٹی اور شاد باغ )پر قائم ڈرینیج سٹیشنز کو دوبارہ فعال کر دیا، ان سٹیشنز کو مکمل مرمت کے بعد بحال کیا گیا ہے، جس کا مقصد ممکنہ سیلابی پانی کو شہر میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔ہر ڈرینیج سٹیشن پر جدید لوہے کے گیٹس اور نکاسی آب کے طاقتور پمپس نصب کر دیئے گئے ہیں، ان گیٹس کو بارش کے دوران بند کر کے شہر کو بیرونی سیلابی پانی سے محفوظ رکھا جا سکے گا، واسا حکام کے مطابق ان تمام مرمتی اور تنصیباتی کاموں کو ادارے نے اپنے ذاتی وسائل سے مکمل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کے ترجمان نے کہا کہ مون سون کے سیزن کے دوران واسا کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گی اور تمام مشینری مکمل طور پر تیار ہے، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں واسا کی ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :