سعودی عرب،2024میں سیاحوں اور اخراجات کے نئے ریکارڈ قائم

مسلسل دوسرے سال سیاحوں کی مجموعی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ،وزارت سیاحت

پیر 23 جون 2025 12:14

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے نے 2024 میں نمایاں ترقی کی ہے، جہاں مملکت میں آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 116 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب سیاحوں کی مجموعی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت سیاحت کے سالانہ شماریاتی رپورٹ کے مطابق 2024 میں سیاحت کے مجموعی اخراجات 284 ارب ریال تک جا پہنچے جو 2023 کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

رپورٹ میں مملکت میں سیاحتی سرگرمیوں کی اہم جہتوں پر روشنی ڈالی گئی ہے اور 2023 میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے تسلسل میں 2024 کے دوران شعبے کی ترقی کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2024 میں ہونے والی غیر معمولی پیش رفت اور قابل ذکر ترقی مملکت کی قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی اور سیاحت کے شعبے کو دی جانے والی بے مثال سرپرستی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ شعبہ اب ویژن 2030 کے اہداف کے حصول میں مرکزی ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔وزیر نے واضح کیا کہ رپورٹ میں وزارت سیاحت اور اس سے منسلک تمام اداروں کی مربوط کاوشوں کا ثمر سامنے آیا ہے، جس کے باعث یہ شعبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔رپورٹ کے مطابق، 2024 میں بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد تقریبا 3 کروڑ رہی، جو 2023 کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ ہے۔

ان سیاحوں کی جانب سے مملکت میں کیا جانے والا مجموعی خرچ 168.5 ارب ریال تک پہنچا جو کہ 19 فیصد کا سالانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔دوسری جانب، 2024 میں اندرونِ ملک سیاحت میں بھی زبردست اضافہ ہوا، جہاں 86.2 ملین سعودی شہریوں اور رہائشیوں نے سیاحتی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان مقامی سیاحوں کی جانب سے ہونے والا کل خرچ 115.3 ارب ریال تک جا پہنچا۔یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی عرب سیاحت کو ایک مضبوط اقتصادی ستون کے طور پر تیزی سے فروغ دے رہا ہے اور ویژن 2030 کی روشنی میں اس شعبے کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔