کیتھولک بوائز ہائی سکول کے زیراہتمام ایس او ایس چلڈرنزویلج میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودے لگائے گئے

پیر 23 جون 2025 15:17

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) سرگودھا کیتھولک بوائز ہائی سکول کے زیرِاہتمام ایس او ایس (SOS) چلڈرنزویلج 49 ٹیل میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودے لگائے گئے۔ اس موقع پرسرگودھا کیتھولک بوائز ہائی سکول کے وفد نےSOS چلڈرنزویلج کی ڈائریکٹر کشور دُرانی سے بھی خصوصی ملاقات کی۔ کشور درانی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آلُودگی اور موسمی تبدیلیوں سے ہم سب بخوبی آگاہ ہیں ،شجر کاری ملک و ملت کیلئے وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے حصہ کا کم از کم ایک پودا ضرورلگائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہترین ماحول میسرآ سکے۔ وفد میں شامل تنظیم ”ماریسٹ فیملی“ کے ممبر برادر ہدایت‘ برادر انتھونی‘سویڈن شریف اور سکول ٹیچرز روبینہ‘ جوزفین‘ جاوید، ارشد و دیگر نے محترمہ کشور دُرانی کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ ہمارا SOSچلڈرنزویلج میں دورہ کرنے کا مقصد شجر کاری مہم کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے آج جو یہاں پودے لگائے ہیں وہ مستقبل میں ایک تناوردرخت بنیں گے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرینگے،ہم شجرکاری مہم کے سلسلے کو جاری و ساری رکھیں گے۔ آخر میں ”ماریسٹ فیملی“ کے تمام ممبران کو SOS چلڈرنزویلج کا تفصیلی دورہ کروایا گیا اورادارے کے اغراض و مقاصد بارے بریفنگ دی گئی۔