چلتن ،پہاڑی سلسلے میں آگ لگنے سے نایاب درختوں ،جنگلی حیات کونقصان پہنچا ہے ، کنزروینسی سوسائٹی بلوچستان

پیر 23 جون 2025 18:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) کنزروینسی سوسائٹی بلوچستان (CSB) نے چلتن کے پہاڑی سلسلے میں گزشتہ ہفتے پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر شدید تشویش اور گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ قدرتی سانحہ علاقے کے نایاب درختوں، قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنا۔اس واقعے کے بعد کنزروینسی سوسائٹی بلوچستان کی ایک فیلڈ ٹیم نے فوری طور پر چلتن کے دامن میں متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ٹیم نے موقع پر موجود محکمہ جنگلات کے افسران اور عملے سے ملاقات کی اور آگ لگنے کی وجوہات اور نقصان کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔محکمہ جنگلات کے نمائندوں کے مطابق یہ آگ نامعلوم وجوہات کی بنا پر بھڑکی، جس نے کئی قیمتی درختوں کو خاکستر کیا اور مقامی جنگلی حیات کو بھی شدید متاثر کیا۔

(جاری ہے)

خاص طور پر چلتن مارخور جیسی نایاب اور معدوم ہوتی نسلیں اس آفت سے براہِ راست متاثر ہو سکتی ہیں، جس پر سوسائٹی کو سخت تشویش لاحق ہے۔

کنزروینسی سوسائٹی بلوچستان مطالبہ کرتی ہے کہ حکومتِ بلوچستان اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور آگ لگنے کے اسباب کی نشاندہی کی جائے۔ جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔ مقامی کمیونٹیز کو آگاہی اور تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ قدرتی وسائل کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

آگ سے متاثرہ جنگلی علاقے کی فوری بحالی اور شجرکاری کا آغاز کیا جائے تاکہ ماحولیاتی توازن بحال ہو سکے۔ کنزروینسی سوسائٹی بلوچستان قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور تمام متعلقہ اداروں سے تعاون کے لیے تیار ہے۔ ہم تمام شہریوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے ارد گرد کے قدرتی ماحول کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھیں۔

متعلقہ عنوان :