صدر فیصل آباد چیمبر نے مدرس مسجد نبویﷺ الشیخ خالد احترام کودورہ چیمبر کی دعوت دے دی

منگل 24 جون 2025 16:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے مدرس مسجد نبوی ؐ الشیخ خالد احترام کو فیصل آباد چیمبر کے دورے کی دعوت دے دی۔ انہوں نے یہ دعوت مدرس مسجد نبوی ؐ الشیخ خالد احترام کے فیصل آباد کے ایک روزہ مختصر دورے کے دوران ملاقات کے موقع پر دی ۔ اس موقع پرمدرس مسجد نبوی ؐ الشیخ خالد احترام نے اہلیان فیصل آباد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے صدر فیصل آباد چیمبر کو مسجد نبویﷺ آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختصر دورے پر فیصل آباد آئے ہیں تاہم آئندہ جب بھی وہ فیصل آباد آئیں گے وہ چیمبر کا بھی دورہ کریں گے۔ صدر فیصل آباد چیمبر نے ممتاز عالم دین الشیخ خالد احترام کو فیصل آباد آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں فیصل آباد چیمبر آنے اور بزنس کمیونٹی سے براہ راست ملاقات کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں تاہم اب ہمیں معاشی طور پر بھی باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر انہوں نے مسجد نبوی ﷺکے مدرس فضیلتہ الشیخ خالد احترام کو فیصل آباد چیمبر کی شیلڈ پیش کی۔ الشیخ خالد احترام اس سے قبل اسلام کی پہلی مسجد قبا میں تراویح کی امامت کے فرائض بھی سر انجام دے چکے ہیں۔ اِس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق ایگزیکٹو رکن حافظ شفیق کاشف اور چوہدری کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔