سی پی او فیصل آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے میٹنگ

منگل 24 جون 2025 23:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) سی پی او فیصل آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے میٹنگ، فول پروف سکیورٹی اقدامات اور جلوسوں کے روٹ پر دوکانوں اور گھروں وغیرہ سے ملازمین اور کرایہ داروں کے کوائف حاصل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق سی پی اوصاحبزادہ بلال عمر کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے پولیس لائنز کمپلیکس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔

سی پی او نے اعلی پولیس حکام کو جلوسوں، مجالس اور دیگر تقریبات کی فول پروف سکیورٹی اقدامات اور جلوسوں کے روٹ پر پلازوں ، دوکانوں اور گھروں سے ملازمین اور کرایہ داروں کے کوائف حاصل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ترجمان طارق جٹ نے بتایا کہ میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ،ٹاؤن ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سی پی او نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام افسران کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا فرداً فردا جائزہ لیا اور اہم ہدایات دیں۔ اس موقع پر ہدایت جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تھانوں کے علاقوں ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں سرچ آپریشنز کئے جائیں گے۔جلوسوں کے روٹ پر دوکانوں اور گھروں وغیرہ سے ملازمین اور کرایہ داروں کے کوائف بھی حاصل کئے جائیں۔

سرچ آپریشنز کے ساتھ ساتھ موثر سنیپ چیکنگ اور گشت کو یقینی بنایا جائے۔ہوٹل، سرائے اور بس اڈوں پر خصوصی مانیٹرنگ کی جائےاور پولیس ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے نگرانی کی جاۓ۔محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف کاروائی کیلئےسوشل میڈیا پر بھی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔تمام علاقوں میں پٹرولنگ پولیس کے ساتھ جوائنٹ سنیپ چیکنگ اور گشت کا مربوط نظام بنایا جائے۔

جلوسوں کے روٹ پر گلیوں اور راستوں کو سیل کیا جاۓاورمجالس اور جلوسوں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے کو یقینی بنایا جائے۔جلوس/مجلس میں شریک ہونے والے تمام افراد کی تلاشی لی جائے گی اورچھت ڈیوٹی ،پکٹ ڈیوٹی کو مؤثر طریقے سے ڈیپلائےکی جائے۔جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں۔جلوسوں اور مجالس میں آنے والے شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے۔خواتین کی چیکنگ بذریعہ لیڈی پولیس کی جائے ۔محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔