سیالکوٹ میں کسانوں کی سہولت کیلئے کسان کارڈ سہولت سنٹر قائم کر دئیے گئے ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)

بدھ 25 جون 2025 11:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)سیالکوٹ رانا سلیم شادنے کہاہےکہ سیالکوٹ میں کسانوں کی سہولت کیلئے کسان کارڈ سہولت سنٹر قائم کر دئیے گئے ہیں۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخارعلی سہوکی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ صبااصغر علی کی زیر نگرانی ضلع کی چاروں تحصیلوں میں کسان کارڈ سہولت سنٹر قائم کر دئیےگئے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں ہیلپ ڈیسک کسانوں کو رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ کسان کارڈ سے متعلق مسائل جیسے کسان کارڈ گم ہو جانا، پن کوڈ کی تبدیلی، نئےکسان کارڈ کا اجراجیسے مسائل موقع پر حل کئےجارہےہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ فیز ون کی کامیابی کے بعد کسانوں کو کئی مسائل درپیش آ رہے تھے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت (توسیع)نے پنجاب بھر میں تحصیل کی سطح پر ہیلپ ڈیسک قائم کئے ہیں تاکہ کسانوں کو دوردراز علاقوں سےایک ہی چھت کے نیچےحکومت پنجاب کی تمام سہولیات جیسا کہ گندم کی امدادی رقم، خریف کی فصل کیلئے بلاسودقرضہ جات اور دیگر کسان وفوائد فراہم کیے جا سکیں۔

یاد رہےکہ کسان کارڈ فیز ٹو میں رقبہ کی حد 25 ایکڑ قرضہ کی رقم دوگنی، 30 فیصد کیش اور 20 فیصد ڈیزل کیلئے فراہم کئے جا رہے ہیں۔