مون سون بارشیں، چیف سیکرٹری پنجاب کا متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم

جمعرات 26 جون 2025 17:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میںڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی جس میں مون سون بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اربن فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل رکھے جائیں اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے ڈرینز اور سیوریج لائنز کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور تمام مشینری، بالخصوص ڈی واٹرنگ پمپس کو مکمل طور پر فعال حالت میں رکھا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے مختلف اضلاع میں شہروں کی خوبصورتی سے متعلق جاری بیوٹیفیکیشن پلان پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام شہروں کو جدید، خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت بازاروں، مرکزی شاہراہوں اور اہم عوامی مقامات کی اپ لفٹنگ کی جا رہی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔