ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرغلام مرتضی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعرات 26 جون 2025 21:23

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر غلام مرتضی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات اور سرویلنس سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ ڈینگی کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح میں شامل کریں اور عملی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مشتبہ مقامات کا باربار سروے اور کیمیکل ٹریٹمنٹ کیا جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور جہاں پانی جمع ہووہاں فوری کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریوینٹو سروسز ڈاکٹر خالد چنڑ نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد طریقہ برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اور ان مقامات کو ختم کرنا ہے جہاں ڈینگی کا لاروا پنپتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بہاول پور میں مجموعی طور پر 1857 ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں مقامات پر ویکٹر سرویلینس کے دوران لاروا تلاش کر کے ان کو تلف کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے ضلع بہاول پور میں ڈینگی مانیٹرنگ کے لیے 532 ان ڈور اور 122 آؤٹ ڈور ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں یکم جنوری سے 22 جون تک 4021 ڈینگی کے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :