امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

جمعرات 3 جولائی 2025 22:07

امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی ، بڑا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی کے معاملے پر بڑا انکشاف سامنے آیاہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی کے معاملے پر مبینہ رشوت خوری میں ملوث اہلکار کا ریکارڈ سی پی او سے غائب ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔

ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ سپاہی آصف نور سے متعلق کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں سی پی او میں بھی سپاہی آصف نور کی موجودہ پوسٹنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا ہے۔سب انسپکٹر ندیم اختر نے کہا کہ درخواست گزار کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کے لئے تیار ہیں، جس پر عدالت نے پولیس افسر کو درخواست گزار کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

جسٹس نثار احمد بھمبرونے کہاکہ اگر سات یوم میں درخواست گزار کے ساتھ معاملات طے نہیں ہوئے تو آئی جی سندھ کو محکمانہ کارروائی کا حکم دیں گے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سب انسپکٹر ندیم اختر بٹ اور سپاہی آصف نور خان نے امریکی شہری ظفراللہ مرچنٹ کو ہراساں کرکے 80 ہزار امریکی ڈالر رشوت لی۔جس پر عدالت نے کہا کہ بظاہر پولیس اہلکاروں کا آپس میں گٹھ جوڑ نظر آتا ہے عدالتی رائے میں معاملہ پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لئے آئی جی سندھ کو ارسال کیا جانا چاہیئے۔

سب انسپکٹر ندیم اختر کے مطابق وہ درخواست گزار کے ساتھ تنازع عدالت سے باہر حل کرلیں گے ڈی ایس پی لیگل کے یقین دہانی کروائی کہ پولیس اہلکار درخواست گزار کو ہراساں نہیں کریں گے، سینٹرل پولیس آفس یقینی بنائے کہ درخواست گزار کو ہراساں کئے جانے پر سولجر بازار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کہ درخواست گزار کا گارڈن ویسٹ میں جائیداد کا تنازع چل رہا ہے مخالف فریق پولیس اہلکاروں کو استعمال کرکے ہراساں کررہے ہیں پولیس اہلکاروں نے جعلی مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دیکر 80 ہزار ڈالر رشوت وصول کی۔