Live Updates

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کابارش کے بعد شہر میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ

جمعرات 26 جون 2025 20:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بارش کے بعد شہر میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے گلستان کالونی، ملت چوک اور گٹی ڈسپوزل اسٹیشنز بھائی والا جا کر نکاسی آب کے جاری عمل کا معائنہ کیا اور واسا حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

واسا افسران اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھاجنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو نکاسی آب کی موجودہ صورتحال اور مشینری کی موجودگی سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا کی فیلڈ ٹیمیں ہر متاثرہ علاقے میں متحرک رہیں اور بارش کے بعد فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں اور گلی محلوں میں نکاسی آب کی صورتحال کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فعال رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ شہریوں سے رابطہ رکھیں اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن اور دیگر ادارے مشترکہ اقدامات کے تحت کام کریں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی سہولت کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات