تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک

جمعرات 26 جون 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں سیکورٹی انتظامات اور باہمی احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔ فول پروف سکیورٹی کے لیے جامع پلان مرتب کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے ضلع مری کا دورہ کیااور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلے میں کیے گئے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

کمشنر راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ مری کے ہمراہ امام بارگاہ ٹریٹ سیداں سمیت دیگر مقامات کا دورہ کیا اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیرعباس شیرازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف آمین اعوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیرعباس شیرازی نے کمشنر راولپنڈی کو محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں سیکورٹی انتظامات اور باہمی احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔ فول پروف سکیورٹی کے لیے جامع پلان مرتب کیا گیا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ مری کو ہدایت کی کہ بسلسلہ محرم الحرام جلوسوں کے روٹس کی موثر نگرانی اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ امن کمیٹی کے اراکین کو امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں کمشنر راولپنڈی نے ساملی ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں اسٹاف کی حاضری اور ادویات کی ایکسپائری ڈیٹ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں جاری تزیین و آرائش کے کام کو بروقت مکمل کرنے کرنے کی ہدایت کی۔