کراچی، اسلام آباد اورلاہورایئرپورٹس پر جدید ای گیٹس منصوبے کا ڈیزائن مکمل

منصوبے کے تحت ہر ایئرپورٹ پر تقریبا 100 ای گیٹس نصب کیے جائیں گے

منگل 30 ستمبر 2025 21:55

کراچی، اسلام آباد اورلاہورایئرپورٹس پر جدید ای گیٹس منصوبے کا ڈیزائن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے کراچی،اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر ای گیٹس منصوبے کے ڈیزائن کا اہم مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق منصوبے کے تحت ہر ایئرپورٹ پر تقریبا 100 ای گیٹس نصب کیے جائیں گے، جو بایومیٹرک سسٹم کے تحت ای پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو امیگریشن کے مراحل سے تیزی سے گزاریں گے، جس سے قطاریں اور انتظار ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ای گیٹس کے لیے جلد ہی ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیا جائے گا اور ٹینڈر مکمل ہونے کے بعد منتخب کمپنی کام شروع کرے گی۔ جرمن کنسلٹنسی فرم M2P Consulting تفصیلی تکنیکی اسناد اور ٹینڈر دستاویزات تیار کرے گی تاکہ عالمی معیار کی کمپنیوں سے تجاویز حاصل کی جا سکیں۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یہ منصوبہ ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو جدید، محفوظ اور اسمارٹ ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے وژن کا حصہ ہے، تاکہ مسافروں کو زیادہ محفوظ، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔