Live Updates

اچھا وقت آنے والا ہے ایک عام آدمی کی زندگی بدلنے کے دن جلد آئیں گے، گورنرسندھ

صحافی کے اس سوال پر گورنرسندھ نے 0-6 کا اشارہ بنا کرکہا کہ بھارتی سمجھ گئے ہوں گے،کامران ٹیسوری کی گورنرہائوس میں پریس کانفرنس

منگل 30 ستمبر 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج پاکستان دنیا کی سپر پاور کے ساتھ اتحادی بن کر کھڑا ہے ،اچھا وقت آنے والا ہے ایک عام آدمی کی زندگی بدلنے کے دن جلد آئیں گے۔ امریکی صدر نے نیتن یاہو سے ملاقات میں جنگ بندی کی بات اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی یہ پاکستانیوں کے لئے فخر کی بات ہے۔

صحافی کے اس سوال کہ بھارت نے پاکستان سے ٹرافی وصول نہیں کی اس سوال پر گورنرسندھ نے 0-6 کا اشارہ بنا کرکہا کہ بھارتی سمجھ گئے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گورنرہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. گورنر سندھ نے مزید کہا کہ فلسطین کی صورتحال ہمارے سامنے ہیں 70ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، لاکھوں افراد زخمی اور گھروں سے باہر ہیں۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں پاکستان کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردوں سے لڑرہا ہے اور اس دہشتگردی کے تانے بانے مودی سے جاکر ملتے ہیں۔پاکستان نے جس طرح بھارت کو شکست دی اس کی مثال نہیں ملتی ہے لہذا مودی کھیل کے میدان کو جنگ کا میدان نہ بنائے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل، ایئر فورس اور نیوی چیف مبارک باد کے مستحق ہیں، انہوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے دو ہفتے کے دورہ سے آیا ہوں ، میرے اس دورے کے بعد چین سے ابتک دو۔کمپنی پاکستان آچکی ہیں سعودیہ عرب ، قطر، آذر بائیجان ، ترکیہ ، عمان سمیت ہر ایک ملک آج پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی اڑان پر ہے آئندہ پاکستان ہر شعبہ میں ترقی کرے گااور سب کو اس کے فوائد عام آدمی پر بھی نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی نیت کئی سالوں سے نظر آرہی تھی کہ وہ معیشت کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان کو اب ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی معلوم ہے کہ وہ اپنے ہر حربہ میں بری طرح سے ناکام ر ہا ہے اس نے اپنی فوج کے بعد اب کرکٹ کو بھی رسو ا کرنا شروع کردیا ہے۔

میڈیا کے سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں روزانہ شہادتوں کا سامنا بھی کررہے ہیں لیکن فورسز اور قوم کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ ہم امن و محبت سے خطہ میں رہنا چاہتے ہیں اگر حملہ ہوا تو جواب دینا بھی جانتے ہیں یہ ہم نے دنیا کو بھی دکھلا دیا ہے کہ ہم جواب دینا جانتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنی خارجی پالیسی کے تحت ہی جواب دے گا اس پر نہیں بول سکتا لیکن جو کچھ غزہ میں ہورہا ہے یہ ظلم و بربریت کا ایسی مثال ہے جس پر دنیا بھی بول رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسئلہ پر پوری دنیا میں ہی غم و غصہ پایا جاتا ہے ،اقوام متحدہ میں نیتن یاہو کی تقریر کے دوران یورپی ممالک بھی اٹھ کر چلے گئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے ، ہر ایک صوبہ کی ترقی چاہتے ہیں اور صوبہ کی ترقی کراچی کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی ہے ، آئندہ چند دنوں میں ترقیاتی کام دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات