سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی انڈسٹریل سیفٹی اینڈرسک مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 26 جون 2025 20:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی انڈسٹریل سیفٹی اینڈرسک مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان ریسکیو 1122سیالکوٹ کے مطابق حالیہ مون سون سیزن ، محرم الحرام اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی انڈسٹریل سیفٹی اینڈرسک مینجمنٹ کا اجلاس چیمبرکے میٹنگ روم میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں چئیرمین انڈسٹریل سیفٹی اینڈرسک مینجمنٹ ذوہیب سیٹھی ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال ، ڈی ڈی ایم سی کیوان حسن کے علاوہ ڈپٹی ڈائیریکٹر عدیل انجم، ریجن گوجرانوالہ سفٹی مینجراٹلس ہنڈا عدیل احمد، روز ویلفئیرآرگینائزیشن کے صدر اشفاق نذر کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں اور اندسٹریلز و ریسکیورز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کا مقصد حالیہ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب اور فیکٹریز میں سیفٹی کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر چئیرمین کمیٹی نے کہا کہ سیالکوٹ ایک صنعتی شہر ہے اس میں چھوٹی بڑی فیکٹریز مختلف قسم کی مصنوعات تیار کرتی ہیں جو کہ دنیا بھر میں ایکسپورٹ کی جاتیں ہیں ، اس مناسبت سے فیکٹریز میں سیفٹی کے آلات کی تنصیب ہونا بہت ضروری ہے تاکہ فیکٹریز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس سلسلے میں چیمبر اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسیر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122ہمہ وقت اپنے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تیار ہے ۔ فیکٹریز میں سیفٹی آڈٹ کروایا جا ئے تا کہ بلڈنگ اور اس کے اندر کام کرنے والے مزدور وں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس امر میں ریسکیو 1122 ،سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے اولین مقصد کے تحت معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے تربیتی سیشن کروا رہا ہے۔ فیکٹریز میں آگ سے بچائو کے حفاظتی آلات لگائے جائیں،ہم سب ملکر ہی ا پنے معاشرے کو حادثات سے محفوظ بناسکتے ہیں۔