تم کوئی کرٹلی ایمبروز نہیں’، ای این ہیلی کو شمر جوزف نے پہلے ٹیسٹ میں کرارا جواب دیدیا

شمر نے جو پرفارمنس گابا میں دی تھی اس کے بعد سے ان کا ایک سال خوفناک گزرا ہے، ای این ہیلی کی گفتگو

جمعہ 27 جون 2025 15:21

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)آسٹریلیا کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل سابق وکٹ کیپر ای این ہیلی نے شمر جوزف پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کوئی کرٹلی ایمبروز نہیں ہیں۔ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا 25 جون سے آغاز ہوچکا ہے، آسٹریلیا نے ٹیسٹ میچ کے پہلے 15.1 اوورز کے اندر ہی اپنی 3 وکٹیں گنوا دی تھیں جبکہ اسکور صرف 22 تھا، بعدازاں 142 رنز پر کینگروز کے 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔

شمر جوزف نے آسٹریلیا کے خلاف عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی ہیں اور سیم کونسٹاس کو بھی آئوٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں جیڈین سیلز کے حصے میں آئیں۔اس سے قبل ای این ہیلی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ شمر نے جو پرفارمنس گابا میں دی تھی اس کے بعد سے ان کا ایک سال خوفناک گزرا ہے، شمر انجری سے واپس آئے ہیں اور اب وہ کونسٹاس کو کہتے ہیں کہ آئوٹ کروں گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ''ٹھیک ہے شمر ٹھیک ہے تم نے سارا سال بے تکی باتیں کیں، اس لیے بہتر ہے ہو وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں وہ کوئی کرٹلی ایمبروز جیسے بولر نہیں ہیں۔پہلے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے بات میں شمر جوزف نے آسٹریلیا کے 19سالہ نوجوان بیٹر سیم کونسٹاس کو وارننگ دی تھی ''بس تم آئوٹ ہونے کی سوچو بس اتنا ہی ہے’’۔خیال رہے کہ 2024 میں گابا میں شمر جوزف نے شاندار اسپیل کیا تھا اور68 رنز دے کر 7 وکٹیں اپنے نام کی تھیں، اب 25 جون سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں بھی شمر جوزف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔