نوجوان لیڈرز کی تربیت ،علاقائی و عالمی چیلنجز سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، فیصل کریم کنڈی

ہفتہ 28 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان لیڈرز کی تربیت اور انہیں علاقائی و عالمی چیلنجز سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے فعال کردار ادا کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں آرگنائزیشن آف اسلامک یوتھ کے زیر اہتمام منعقدہ SCO سیمولیشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں صدر آرگنائزیشن آف اسلامک یوتھ حماد خان کاکڑ و دیگر شخصیات اور نوجوان لیڈرز شریک تھے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف نوجوانوں کے لیے ایک تعلیمی سرگرمی ہے بلکہ حقیقی سفارتکاری، تعاون اور قیادت کے جذبے کی عملی تربیت کا بہترین موقع بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سیمولیشن ایک طاقتور پلیٹ فارم ہے جو ہمارے نوجوانوں کو تنقیدی علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے، اور انہیں ایسی مہارتیں اور بصیرت سکھاتا ہے جو مستقبل میں انہیں بااعتماد اور دوراندیش رہنما بنائیں گی۔

گورنر نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم مختلف قوموں کو باہمی اعتماد اور ترقی کے جذبے کے تحت یکجا کرتی ہے اور آج کے باہم جڑے ہوئے دور میں اس کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی سلامتی سے لے کر ماحولیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی اور ٹیکنالوجی تک، ایس سی او مشترکہ ذمہ داری اور اجتماعی تعاون کی علامت ہے۔گورنر نے کانفرنس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام مستقبل میں مزید نوجوانوں کو متاثر کرے گا اور انہیں بین الاقوامی معاملات میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا۔