لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز 7جولائی سے ہوگا

ہفتہ 28 جون 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز 7جولائی سے ہوگا جبکہ پرنسپل سیٹ پر جولائی کے پہلے ہفتے کا ججز روسٹر جاری کردیا گیا، روسٹر کے مطابق 7ڈویژن بنچ سول اور فوجداری اپیلوں پر سماعت کریں گے۔21سنگل بنچ حکم امتناعی، ضمانت، اندراج مقدمہ کے کیسز کی سماعت کریں گے،پرنسپل سیٹ پر ججز بطور ڈویژن بنچز اور سنگل بنچ کیسوں کی سماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل خان پر مشتمل بنچ فوجداری اپیلوں،جسٹس عابد عزیز کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں ،جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ فوجداری اپیلوں،جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں ،جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں،جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں اورجسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا۔