سعودی عرب اور ہنگری کے درمیان پارلیمانی تعاون و معاہدات پر غور

مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

اتوار 29 جون 2025 11:05

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)سعودی عرب کی شوری کونسل کے ایک وفد نے سعودی ہنگیرین فرینڈ شپ کمیٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ہنگری کا دورہ مکمل کر لیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وفد کے ارکان نے ہنگری کی قومی اسمبلی کے سپیکر لازلو کوور کے علاوہ فرینڈ شپ کمیٹی ہنگری کے ارکان سے ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ تعاون کے فروغ اور پارلیمانی سطح کے معاہدوں پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد کی ہنگری کے نائب وزیر برائے خارجہ و تجاری امور میگیار لیونٹے، وزیر مملکت برائے پانی و آبپاشی زسولٹ نیمتھ کے علاوہ ہنگری کی وزارت توانائی کے حکام اور سعودی ہنگری بزنس کونسل کے شریک چیئرمین پیٹر کرپاتی سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ہنگری کی طرف سے حکام نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا اور اس سلسلے میں مملکت کے کردار کی تعریف کی۔اس دوران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی وفد میں کمیٹی کے چیئرمین ابراہیم القناس کے علاوہ ظہیر الشہری، سالم الجربو، عائشہ عریشی، عبدالعزیز الجلود، فاریس العصیمی اور ہشام الفارس شامل تھے۔ ملاقاتوں میں ہنگری کے لیے سعودی سفیر ماجد العبدان بھی شریک رہے۔