مغویوں کی رہائی میں تاخیر کی تو امن منصوبے کی تمام شرائط ختم ہوجائیں گی

اسرائیل نے امن معاہدے کے لیے بمباری عارضی طور پر روک دی ، حماس کو فوری فیصلہ کرنا ہوگا، تاخیر قبول نہیں کی جائے گی، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 اکتوبر 2025 22:20

مغویوں کی رہائی میں تاخیر کی تو امن منصوبے کی تمام شرائط ختم ہوجائیں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر2025ء) ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو دھمکی دی ہے کہ مغویوں کی رہائی میں تاخیر کی تو امن منصوبے کی تمام شرائط ختم ہوجائیں گی، حماس کو فوری فیصلہ کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے نئے بیان میں کہا کہ حماس کو فوری فیصلہ کرنا ہوگا، تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے لکھا کہ اسرائیل نے امن معاہدے کے لیے بمباری عارضی طور پر روک دی جس کی میں اس کی قدر کرتا ہوں۔

ٹرمپ نے لکھا کہ اگر حماس کی جانب سے مغویوں کی رہائی کا فیصلہ کرنے میں تاخیر ہوئی تو تو "تمام شرطیں خارج" ہو جائیں گی۔ انہوں نے لکھا کہ اسرائیلی بمباری روکنے سے یرغمالیوں کی رہائی اور امن معاہدہ مکمل کرنے کا موقع ملے ہے جس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے مزید لکھا کہ غزہ کو دوبارہ تباہی یا خطرہ بننا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منع کرنے کے باوجود اسرائیل کی کارروائیاں بند نہ ہوئیں اور غزہ کی پٹی میں نئے فضائی حملے اور توپ خانے کی گولہ باری میں مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ حماس کے معاہدے پر رضامندی کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بمباری بند کرنے کی اپیل کے باوجود اسرائیل نے غزہ شہر پر درجنوں فضائی حملے اور توپ خانے کی گولہ باری کی جس میں کم از کم 7 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ ایک انتہائی پرتشدد رات تھی جس کے دوران صدر ٹرمپ کی جانب سے بمباری روکنے کے مطالبے کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور مغربی پٹی کے دیگر علاقوں پر درجنوں فضائی حملے کیے اور اس دوران توپ خانے سے بھی گولہ باری کی گئی، رات بھر کی بمباری میں کم از کم 20 گھر تباہ ہوگئے۔

غزہ سٹی کے بیپٹسٹ ہسپتال نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ شہر کے تفح محلے میں ایک گھر پر حملے سے متاثرہ افراد کو ہسپتال لایا گیا جن میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں، اسی طرح خان یونس میں غزہ کے ناصر ہسپتال کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بے گھر افراد کے کیمپ میں ایک خیمے پر ڈرون حملے میں 2 بچے جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے۔