فلوٹیلا کے مزید 137 کارکن بیدخل، برہنہ کرکے تلاشی لی گئی، انسانیت سوز سلوک کا انکشاف

اتوار 5 اکتوبر 2025 14:55

فلوٹیلا کے مزید 137 کارکن بیدخل، برہنہ کرکے تلاشی لی گئی، انسانیت سوز ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)ترکی کے 36 شہریوں سمیت صمودفلوٹیلا کی137 کارکنوں کو اسرائیل سے بے دخل کر دیا ، کارکنوں پر بدترین تشدد کا انکشاف ہوا ہے۔استنبول پہنچنے کے بعد انسانی حقوق کے کارکنوں نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کے ساتھ بدسلوکی کی ، گریٹا کوزمین پرگھسیٹا اوراسرائیلی پرچم کوچومنے پر مجبور کیا گیا۔

ترک صحافی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کوگریٹا تھنبرگ کواذیت دیتے دیکھا،انہیں اسرائیلی پرچم زبردستی چومنے پر مجبور کیا گیا۔ ملائیشیا کے ایک کارکن نے بتایا کہ قیدیوں کو خوراک، صاف پانی اور دوائیں نہیں دی گئیں، ہمیں 3 دن بھوکا رکھا گیا۔استنبول پہنچنے والے ایک اور ترک کارکن آیکن کانتوگلونے اسرائیلی حراست میں بدسلوکی کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ حراست میں لینے کے بعد اسرائیلی اہلکار نے کہا تم اسرائیل میں ہو، اب کسی بھی جگہ غزہ کا نام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

آیکن کانتوگلو کا کہنا تھا کہ ہمیں جانوروں کے پنجرے نما کمروں میں بند کیا گیا، دیواروں پر خون سے عربی میں بچوں کے نام لکھے تھے ، ہمیں 40 گھنٹوں تک بھوکا پیاسا رکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ترک کارکنوں کو برہنہ کرکے تلاشی لی گئی جبکہ گریٹا تھنبرگ کے ساتھ بھی بہت برا سلوک کیا گیا۔