یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کے زیر اہتمام صوبائی پارلیمانی فورم برائے آبادی کے ایجنڈے کے روڈ میپ پر ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی اور عالمی ادارے کے کنڑی ہیڈ کی زیر صدارت مشاورتی سیشن

منگل 1 جولائی 2025 10:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے)کے زیر اہتمام صوبائی پارلیمانی فورم برائے آبادی کے ایجنڈے کے روڈ میپ پر مشاورتی سیشن ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ اور یو این ایف پی اے کے کنڑی ہیڈ ڈاکٹر لوائے شبانے کی زیرصدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔پارلیمانی سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ہادیہ نواز بہرانی نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی بلوچستان صوبے میں خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت سے متعلق اقدامات پر کام کررہاہے ۔

ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر آبادی میں توازن پیدا کرنے کے لئے کام کر رہی ہے تاکہ وسائل کو متوازن انداز میں عوام کے بہتری کے لئے استعمال کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو این ایف پی اے کے کنڑی ہیڈ ڈاکٹر لوائے شبانےنے کہا کہ معاشرے میں ہر فرد اور شادی شدہ جوڑے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے خاندان کے بارے میں آزادانہ فیصلے کرسکے اور ریاست کا فرض ہے کہ وہ مناسب نظام اور پالیسیوں کے ذریعے اس فیصلے کو لوگوں کے لئے آسان بنائے اور اس حوالے سے آبادی اور وسائل میں توازن کلیدی کردار کے حامل ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر راحیلہ حمید درانی،پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار کاکڑ ، اصغر رند ، اراکین بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ، سلمی کاکڑ، خیر جان بلوچ، کلثوم نیاز بلوچ اور شہناز عمرانی نے مختلف تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم مسئلے سے صیح طور پر نمٹنے کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطوں میں ہیں۔ سیشن میں پروگرام کوآرڈینیٹر سعدیہ عطا اور ٹیکنیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر سرمد نے صوبے میں ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔