فاسٹ اینڈ فیوریس 11 کو اپریل 2027 میں ریلیز کیا جائے گا

وِن ڈیزل کا پال واکر کے کردار کو فاسٹ اینڈ فیوریس 11 کا حصہ بنانے کا عندیہ

منگل 1 جولائی 2025 12:49

فاسٹ اینڈ فیوریس 11 کو اپریل 2027 میں ریلیز کیا جائے گا
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز میں کام کرکے شہرت حاصل کرنے والے ہالی وڈ اداکار پال واکر 30 نومبر 2013 کو گاڑی کے حادثے میں 40 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔مگر وہ اس سیریز کی آخری فلم میں جلوہ گر ہوسکتے ہیں۔یہ عندیہ فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کے مرکزی اداکار اور پروڈیوسر وِن ڈیزل نے دیا۔

ایک فیسٹیول میں مداحوں سے بات کرتے ہوئے وِن ڈیزل نے فاسٹ اینڈ فیوریس 11 کے بارے میں بات کی جو کہ اس سیریز کی آخری فلم بھی ہے۔انہوں نے اشارہ دیا کہ سیریز کی آخری فلم میں پال واکر کے کردار کی واپسی ہوسکتی ہے۔وِن ڈیزل نے بتایا کہ فاسٹ اینڈ فیوریس 11 کو اپریل 2027 میں ریلیز کیا جائے گا۔انہوں نے پال واکر کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اسٹوڈیو نے مجھ سے کہا کہ کیا ہم آخری فلم اپریل 2027 میں ریلیز کرسکتے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے جواب میں کہا کہ ایسا 3 شرائط پر ہوسکتا ہے، پہلی شرط تو یہ ہے کہ فرنچائز کو واپس لاس اینجلس میں لایا جائے، دوسری شرط یہ ہے کہ اسٹریٹ ریسنگ کو واپس لایا جائے، جبکہ تیسری شرط یہ ہے کہ ڈوم اور برائن او کونر کو پھر اکٹھا کیا جائے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس فلم سیریز میں برائن او کونر کا کردار پال واکر نے ادا کیا تھا۔یہ واضح نہیں کہ ان کے کردار کو نئی فلم میں دکھانے کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس(اے آئی)کی مدد لی جائے گی یا وِن ڈیزل پرانی فوٹیج کی بات کر رہے تھے۔خیال رہے کہ فاسٹ اینڈ فیوریس 7 کی شوٹنگ پال واکر کی موت کے بعد رک گئی تھی جس پر پال واکر کے بھائیوں نے تمام سین مکمل کرائے تھے۔

متعلقہ عنوان :