اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عالمی رہنماؤں سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ترقی پذیر ممالک کو درپیش 4 ٹریلین ڈالر کے مالیاتی فرق کو ختم کرنے کا مطالبہ

منگل 1 جولائی 2025 13:28

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کو پائیدار ترقی کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے 4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور سب کے لیے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کریں۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سپین کے شہر سیویلا میں چوتھی فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ کانفرنس (ایف ایف ڈی 4 ) کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مضبوط اور واضح مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی تعاون سے چلنے والی پائیدار ترقی کو اب بڑے پیمانے پر رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی خود بھی شدید دبائو محسوس کر رہی ہے جبکہ قوموں اور اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا ٹوٹ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا آگ کی لپیٹ میں ہے اور عدم مساوات، ماحولیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے تنازعات سے دوچار ہو رہی ہے: "فنانسنگ ترقی کا انجن ہے اور یہ انجن اس وقت پھٹ رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایک بہتر، منصفانہ مستقبل کے لیے دنیا کو تبدیل کرنے کا ہمارا عالمی وعدہ پائیدار ترقی کا 2030 ایجنڈا خطرے میں ہے ۔

2015 میں طے پانے والے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز ) میں سے کچھ دو تہائی اہداف نمایاں طور پر ٹریک سے دور ہیں اور ترقی پذیر ممالک کو پائیدار ترقی کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے مالیاتی فرق کو ختم کرنے اور اس سلسلے میں 4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے ترقی کے انجن کی بحالی کے لیے وسیع پیمانے اور رفتار کی ضرورت ہے اور ہم سیویلا میں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہیں۔

انہوں نے امریکا کے بغیر منظور کئے گئے سیویلا کمٹمنٹ کے نام سے جانے والے نتائج کو کو کم آمدنی والی قوموں کو ترقی کی سیڑھی سے اوپر اٹھانے کے لیے ایک عالمی وعدے کے طور پر بیان کیا۔ کانفرنس میں 60 کے قریب عالمی رہنماؤں، 150 سے زیادہ ممالک اور 15 ہزار کے قریب مندوبین نے شرکت کی۔