ابوظہبی ماحولیاتی ایجنسی کو دوسری مرتبہ کاربن نیوٹرلٹی سرٹیفکیٹ جاری

منگل 1 جولائی 2025 16:49

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ابوظہبی ماحولیاتی ایجنسی کو دوسری مرتبہ کاربن نیوٹرلٹی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق ابوظہبی کی ماحولیاتی ایجنسی (ای اے ڈی) کو اقوامِ متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے ماحولیاتی تبدیلی (یو این ایف ٹرپل سی ) سے منظور شدہ ادارے’ اپلس پلس ‘کی جانب سے دوسری مرتبہ کاربن نیوٹرلٹی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

اس پیش رفت کے بعد ای اے ڈی متحدہ عرب امارات کی پہلی نگران تنظیم بن گئی ہے جسے یہ تصدیق دو مرتبہ حاصل ہوئی، جو ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف کوششوں میں اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ای اے ڈی کی سیکریٹری جنرل، ڈاکٹر شیخہ سالم الظاہری نے اس موقع پر کہا کہ دوسری مرتبہ کاربن نیوٹرلٹی سرٹیفکیٹ کا حصول ابوظہبی کے لیے پائیدار مستقبل کی تشکیل میں ایجنسی کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سنہ 2020 تا 2022 کے عرصے کے دوران ایجنسی نے اپنے کاربن اخراج کی تلافی کی ہے، جو نہ صرف دیگر سرکاری اداروں کے لیے ایک مثال ہے بلکہ نجی شعبے کو بھی پائیدار طرزِ عمل اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔ ان کے بقول، یہ پیش رفت خالص صفر اخراج کے ہدف کی جانب اجتماعی سفر کو تیز کرے گی اور ابوظہبی کو ماحولیاتی قیادت میں ایک علاقائی رہنما کے طور پر مزید مستحکم بنائے گی۔

ایجنسی کی جانب سے کیے گئے کاربن اخراج کا تجزیہ جی ای تھری ایس نے کیا، جس کی تصدیق اپلس پلس نے کی۔ کاربن نیوٹرلٹی حاصل کرنے کے لیے ایجنسی نے توانائی کے استعمال، ٹھنڈے پانی کی کھپت، فضلے کی پیداوار، گاڑیوں اور جنریٹروں میں ایندھن کے استعمال جیسے اخراج کے ذرائع کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ہدفی کمی کے اقدامات پر بھی عمل درآمد کیا۔ایجنسی نے توانائی کی کھپت اور ماحولیاتی اثرات میں نمایاں کمی کے لیے ماحول دوست ٹیکنالوجی اور پائیدار طرزِ عمل کو اپنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔

اس ضمن میں گاڑیوں کے بیڑے کو ہائبرڈ سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے، تاکہ ایندھن کے استعمال اور اخراج میں کمی لائی جا سکے۔ علاوہ ازیں، تمام پرانے روشنی کے نظام کو توانائی بچانے والی ایل ای ڈی لائٹس اور سینسرز سے تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ پانی کے ذہین نظام بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ای اے ڈی نے تمام نئی منصوبہ جات میں شمسی پینلز شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ قابلِ تجدید توانائی کے ذریعے ایجنسی کی کارروائیوں کو تقویت دی جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ، ایجنسی نے ایل ای ای ڈی زیرو کاربن (لیڈ زیرو کاربن ) معیارات سے ہم آہنگ پائیدار ڈیزائن اصولوں کو بھی اپنایا ہے۔ماحولیاتی قیادت کے تسلسل میں یہ کامیابی دیگر اداروں کو بھی اس جانب متوجہ کرتی ہے کہ وہ اپنے عملی ڈھانچے میں کاربن مینجمنٹ کی مربوط حکمتِ عملیوں کو شامل کریں۔ ای اے ڈی خالص صفر اخراج کے ہدف کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے ماحولیاتی نگہبانی میں اپنی قیادت کا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔